مولی کا استعمال زیادہ تر یا عام طور سے سلاد کے طور پر کیا جاتا ہے۔شاید آپ کو مولی کھانا زیادہ پسند نہ ہو لیکن اس سبزی میں ایسے فوائد پوشیدہ ہیں کہ اگر آپ کو علم ہوجائے تو آپ باقاعدگی سے کھانا شروع کردیں گے۔ اس کے علاوہ مولی کا اچار اور پراٹھے بنانے میں بھی کافی استعمال ہوتا ہے۔طبی تعلیم میں اس کے صحت سے متعلق بہت سے فائدوں کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ مولی میں فائیٹوکیمیکلز اور ایتھو کیا ننس نام کے ایلیمنٹ پائے جاتے ہیں، جن سے کینسر کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ شوگر لیول کو بھی بڑھنے سے روکتی ہے۔ مولی میں کافی مقدار میں وٹامن سی پایا جاتا ہے، جو جسم میں قوت مدافعت کو بڑھانے میں مدد کرتا ہے۔ اس کے علاوہ بھی مولی کھانے کے بہت سے فائدے ہیں۔آئیے آپ کو اس کے فوائد سے آگاہ کرتے ہیں۔
باقاعدہ مولی کھانے سے وزن میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔ مولی میں پانی کی زیادہ مقدار جلد پیٹ بھرنے میں مدد دیتی ہے، جس کے نتیجے میں بسیار خوری کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے اور موٹاپے سے نجات کی کوشش کا عمل تیز ہوجاتا ہے۔ مولی چکنائی سے پاک ہوتی ہے اور Calories بھی بہت کم ہوتی ہیں، تو یہ جسمانی چربی گھٹانے کے لیے ایک اچھا آپشن ہے۔
مولی میں فائبر کی کافی مقدار پائی جاتی ہے۔ اس کے استعمال سے انسولین کنٹرول ہوتی ہے۔ جس کے نتیجے میں جسم میں شوگر لیول کنٹرول ہوتا ہے۔بلڈ پریشر کے لیے مفید: مولی میں پوٹیشیم کافی مقدار میں پایا جاتا ہے، جو بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں کافی مدد کرتا ہے۔اس میں اینٹی ہائیپر ٹینسو ایلیمنٹ بھی پایا جاتا ہے، جو ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مددگار ہوتا ہے۔
مولی کو قدرتی کلینزر کہا جاتا ہے۔ ایسا اس لیے ہے کیونکہ اس میں ڈائیوریٹک پایا جاتا ہے جو جسم سے زہریلے مادوں کو باہر نکالنے میں مدد کرتا ہے۔ یہ کڈنی کی صحت کے لیے بے حد مفید ہے۔
مولی میں زیادہ مقدار میں موجود فائبر اسے قبض کے مریضوں کے لیے تیر بہدف دوا بناتا ہے۔ اسے کھانے سے آنتیں بھی درست رہتی ہیں اورنظام ہاضمہ بھی درست رہتا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ یہ معدے میں تیزابیت کو کم کرتے ہوئے سینے کی جلن کا خاتمہ کرتی ہے لیکن یاد رہے کہ مولی کا استعمال رات کوہرگز نہیں کرنا چاہیے۔
1- مولی میں فاسفورس ، کیلشیم اور وٹامن سی کے ساتھ فولاد کی بھی کافی مقدار پائی جاتی ہے۔
2- مولی پتھری کے مرض کے لئے ایک مفید سبزی ہے اس کے کھانے سے پتھری کے مرض میں مبتلا مریضوں کو افاقہ ہوتا ہے، اس کے روزانہ کھانے سے پتھری گھل کر ریزہ ریزہ ہو کو پیشاب کے ذریعے نکل جاتی ہے۔
3- مولی بواسیر کے مرض میں بھی مبتلا مریضوں کے لئے انتہائی کارآمد سبزی ہے، بواسیر کے مرض میں مبتلا مریض کو اس کا رس روزانہ کی بنیاد پرپلائیں تو اس بیماری سے چھٹکارہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔
4- یرقان کے مرض میں مبتلا مریضون کو مولی کے پتوں کا رس نکال کراس میں چینی ملاکر پلائیں توبہت جلد یرقان کا خاتمہ ہو جائے گا۔
5- مولی جگر اورتلی کے مرض میں بھی مبتلا مریضوں کے افاقے کا ایک ذریعہ ہے جب کہ پیشاب کے مرض میں بھی مبتلا مریضوں کے لئے انتہائی مفید ہے۔