صدیوں سے کھانوں میں استعمال ہونے والی کالی مرچ (Black pepper) نہ صرف کھانے کا ذائقہ دوبالا کرتی ہے بلکہ ہمارے جسم میں جاکر ہمیں کئی اقسام کی بیماریوں اور نقصان دہ جراثیم سے محفوظ رکھتی ہے۔ کالی مرچ کو قبل از مسیح میں بطور دوا استعمال کیا جاتا تھا۔ آئیں اس کے بے شمار فوائد پر ایک نظر ڈالتے ہیں:
چین میں نزلہ و زکام کے سد باب کیلئے کالی مرچ ہزاروں سال سے استعمال ہو رہی ہے۔ اگر آپ اسے شہد میں ملا کر استعمال کریں تو یہ کھانسی کو بھی دور کرتی ہے۔ کالی مرچ بلغم کو حرکت میں لانے جبکہ شہد کھانسی سے آرام دلانے کیلئےسود مند ہے۔ اس کے علاوہ کالی مرچ سانس کی علامات کو بھی آرام پہنچاسکتی ہے۔
دمہ کے مریضوں کے ساتھ کی گئی ایک تحقیق سے نتیجہ اخذ کیا گیا کہ دمہ کے جن مریضوں کو کالی مرچ استعمال کروائی گئی، ان کی حالت بہتر ہونا شروع ہوگئی۔ کالی مرچ سانس کی نالیوں کی صفائی کرتی اور سانس لینے کے عمل کو آسان بناتی ہے۔
انفیکشنز کے خلاف مزاحمت میں کالی مرچ کی اینٹی بیکٹیریل خصوصیات اپنا کردار ادا کرتی ہیں۔ ساؤتھ افریقہ میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق کالی مرچ میں موجود Piperine میں لاروا کش ( پیٹ کے کیڑے پیدا ہونے سے پہلے لاروا بننے کا عمل) خصوصیات ہوتی ہیں، جس سے پیٹ میں انفیکشن ہونے یا بیماریاں پھیلنے کے خلاف مدد ملتی ہے۔
تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ کالی مرچ ہاضمہ میں معاون پینکریاٹک انزائمزپر مثبت اثرڈالتی ہے، جس سے تمام تر ہاضمے کا عمل بہتر ہوجاتاہے، اسی لیے کالی مرچ کا خوراک میں زیادہ استعمال معدے کیلئے بہت فائدہ مند ہوتاہے۔ یہ قبض اور گیس کی شکایت کوبھی ختم کرنے میں مدد دیتی ہے اور جسم میں ہونے والے درد کو رفع کرتی ہے ۔
مطالعوں سے ثابت ہوا ہے کہ کالی مرچ میںموجود Piperine کینسر کی کئی اقسام کے خلاف حفاظتی سرگرمیاں انجام دیتا ہے۔ پیپرائن دیگر غذائی اجزا جیسے کہ سیلینیم، کرکیومین، بیٹا کروٹین اور وٹامن بی کو آنتوں میں جذب کرنے کے عمل کو تیز کرتاہے۔یہ اجزا صحت کو برقرار رکھنےاور کینسر سے تحفظ میں مدد دیتے ہیں۔
کینیڈا میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق کینسر کےبچاؤ میں کالی مرچ میں موجود Piperine بہت کام آتاہے۔ یہ آنت پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرتا اور Colon Cancer سے بچاتاہے۔
Tags:
Kaali Mirch