قبض تمام بیماریوں کی ماں ہے.
انتڑیاں فضلات کو خارج کرنے میں سست روی کا مظاہرہ کریں یا انتڑیاں فضلات کو روکنے لگیں تو ایسی علامات کو قبض کہا جاتا ہے۔
سبزیاں، پھل، پھلوں کا رس اور ریشے دار غذاؤں کا بکثرت استعمال ہی قبض سے بچانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ سبزیوں اور پھلوں میں پانی کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔علاوہ ازیں روز مرہ جسمانی ضرورت کے مطابق پانی کا استعمال بھی جسم کو صحت مند رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتاہے۔ میدے سے تیار شدہ اشیاء کا متواتر استعمال بھی انتڑیوں کے امراض کا باعث بنتا ہے۔ بعض دیگر امراض کی ایلو پیتھک ادویات کا متواتر استعمال بھی قبض کا سبب بنتا ہے۔
زیادہ دیر تک متواتر ایک نشست میں بیٹھنا، پانی کا کم استعمال کرنا، چائے اور سگریٹ نوشی کی کثرت اور شراب نوشی کی علت بھی قبض جیسے موذی مرض کا سبب بنتے ہیں۔ بیکری مصنوعات، فاسٹ فوڈ اور مصنوعی طرز پر تیار شدہ خورونوش کی اشیاء سے دور رہا جائے۔
سبزیوں میں بند گوبھی،کریلے،گھیا توری،پالک،ساگ اور شلجم قبض کو دور کرنے میں بہترین غذا ئیں ہیں۔پھلوں میں پپیتہ، کیلا، امرود، خربوزہ، سیب، ٹماٹر، انگور، ناشپاتی اور کھجور بھی عمدہ غذائیں ہیں، جو قبض سے پیچھا چھڑانے میں ہماری مدد کرتی ہیں۔ گوشت کا ہمیشہ استعمال سبزیوں میں ملا کر کریں اور بھنی ہوئی غذاؤں سے بھی بچیں۔ شوربے والی ہنڈیا پکائیں۔